اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان امن کوششوں سے دستبردار ہونے کا تاثر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثالثی کی کوششیں جاری ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ کشیدگی وقتی طور پر غالب ہے، امید ہےکہ بالآخر امن اور مذاکرات کی سوچ کامیاب ہوگی، امن کاعمل کبھی ختم نہیں ہوتا تاہم وقتی تعطل کا شکار ہوسکتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت آج بھی مؤثر اور قابلِ عمل فریم ورک ہے، فریقین جب کشیدگی کاراستہ چھوڑیں گےتو امن کی واپسی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے ذریعے ممکن ہوگی، مفاہمتی یادداشت نہ ختم ہوئی ہے، نہ غیر مؤثر ہوئی ہے، اس کی اہمیت برقرار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری کاپاکستانی مؤقف آج بھی برقرار ہے، پاکستان نے ہرملک پر مسلح حملوں کی مذمت کی اور ریاستوں کی خودمختاری و علاقائی سالمیت پر زور دیا، تنازع کے ہر مرحلے میں پاکستان کا بنیادی مؤقف مستقل رہا کہ امن اور مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، تمام فریقوں کو بالآخر مذاکرات کی میز پر آ کر اپنے تمام اختلافات حل کرنا ہوں گے۔
