لاہور (آئی آر کے نیوز): نجی ویب سائٹ ’’ ڈراپ سائٹ‘‘ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں سامنے آنے والے تنازع ’سائفر‘ کی مبینہ خفیہ دستاویز حاصل کرنے کا دعویٰ کیاہے جسے عوامی سطح پر شیئر کر دیا گیاہے ، یہ مبینہ سائفر عمران خان کے دور حکومت کے آخری دنوں میں امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید کی جانب سے لکھا گیا جس میں پاکستانی سفیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لوکے درمیان ہونے والی ملاقات اور گفتگو کا احوال بیان کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اس سائفر کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی حکومت امریکہ کے کہنے پر ختم کی گئی ہے ۔مبینہ سائفر میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈونلڈ لو نے پاکستانی سفیر کو کہا کہ ’’ یہاں (یعنی امریکہ) اور یورپ میں اس بات پر کافی تشویش پائی جاتی ہے کہ پاکستان یوکرین کے معاملے پر اتنے جارحانہ انداز میں نیوٹرل کیوں ہوگیا ہے ، ہمیں آپکا یہ موقف غیر جانبدار محسوس نہیں ہوتا، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ساتھ گفتگو میں انہیں یہ واضح طور پر محسوس ہوا کہ یوکرین کے حوالے سے نیوٹرل رہنے کی یہ پالیسی وزیرِ اعظم(عمران خان) کی پالیسی ہے ، یہ پالیسی عمران نے اس لئے اپنائی ہے تاکہ وہ لوکل سطح پر عوام میں اپنا امیج ایسا بنا سکے کہ وہ امریکہ کے پریشر میں نہیں آتے اور آزاد خارجہ پالیسی چلا رہے ہیں۔
