اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اداروں کے خلاف مبینہ قابل اعتراض بیانات کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نوٹس کا وکیل کے ذریعے تحریری جواب جمع کرا دیا۔
نورین نیازی نے اپنے جواب میں نوٹس کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نوٹس میں الزامات اور متعلقہ قانونی شقیں واضح نہیں ہیں۔ انہوں نے این سی سی آئی اے سے شکایت اور الزامات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے
تحریری جواب میں نورین نیازی نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی اور کہا کہ وہ قانون کے دائرے میں مکمل تعاون کریں گی تاہم اپنے آئینی و قانونی حقوق محفوظ رکھتی ہیں۔
دوسری جانب نورین نیازی کے وکیل فیصل ملک ایڈوکیٹ نے این سی سی آئی اے کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نوٹس میں ایڈریس بھی غلط درج تھا اور اس کا علم سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شکایت ہے تو اس کی کاپی فراہم کی جائے اور واضح کیا جائے کہ کس قانون کے تحت نورین نیازی کو طلب کیا گیا ہے۔
