اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): عمران خان کو ہسپتال منتقل کر کے ان کی آنکھ میں انجیکشن لگائے جانے اور بعد ازاں اڈیالہ جیل راولپنڈی واپس منتقل کیے جانے پر ردِعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے ان کی صحت اور انھیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کسی انسان کی صحت کو سیاسی سودے بازی کا ذریعہ نہیں بنایا جا سکتا اور نہ ہی کسی سابق وزیرِ اعظم کے طبی علاج کو محض ایک رسمی کارروائی تک محدود کیا جا سکتا ہے۔‘ تحریکِ انصاف کے مطابق عمران خان کی سلامتی اور صحت کی مکمل ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے۔
پارٹی کے بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان کے اہلِ خانہ، ذاتی معالجین اور قانونی ٹیم کو ان تک ’فوری اور بلا رکاوٹ‘ رسائی دی جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان کی صحت کے بارے میں شفاف معلومات کی فراہمی اور معیاری طبی سہولیات تک مسلسل رسائی نا گزیر ہے۔
پارٹی نے مزید کہا کہ عوام خاموشی نہیں بلکہ جواب کے حق دار ہیں اور عمران خان کی صحت اور سلامتی کو کسی بھی صورت میں خطرے میں نہیں ڈالا جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پمز انتظامیہ کے اعلامیے مطابق ماہرینِ امراضِ چشم کی ٹیم نے عمران خان کی آنکھ میں انٹرا وٹریئل اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن لگایا اور ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
