عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ ہونا چاہیے تاکہ قانون طاقتور کی خواہش کا غلام نہ ہو، جسٹس جمال مندوخیل

 


اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہے کہ عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ ہونا چاہیے تاکہ قانون طاقتور کی خواہش کا غلام نہ ہو۔ اپنے اعزاز میں الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں میرے والدین اور اساتذہ کی وجہ سے ہوں۔ ایک جج اپنے حلف کے بغیر کچھ نہیں ہوتا۔ میں سمجھتا ہوں کہ جج کو اپنا حلف ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل آزاد عدلیہ کی بات ہوتی ہے۔ عدلیہ کے لیے آزاد ہونے کے ساتھ ہی آئین و قانون کا ماتحت ہونا چاہیے۔ جج کے کردار یا طرزِ عمل کا حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار کسی ایک شخص کو حاصل نہیں ہوتا، جج کی قابلیت، دیانت داری اور کردار کا اصل معیار اس کے عدالتی فیصلے ہوتے ہیں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اکثر یہ قول سقراط سے منسوب کیا جاتا ہے کہ ایک جج میں چار خوبیاں ہونی چاہیں۔ جج تحمل اور خوش اخلاقی سے فریقین کی بات سنے۔ دانشمندی سے جواب دے، سنجیدگی سے غور و فکر کرے اور غیر جانبداری کے ساتھ فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اختیار کا سرچشمہ اور اختیارات کی حدود کا تعین کرنے والی دستاویز ہے۔ آئین پارلیمان، عدلیہ اور انتظامیہ کو بتاتا ہے کہ وہ کیا کر سکتے ہیں۔ ریاست کے دیگر اداروں کے اختیارات پر نگرانی قائم کرنا عدلیہ کا آئینی کردار ہے۔ عدلیہ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ آئین کی تشریح کرے اور اس پر دیانت داری کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنائے۔

جدید تر اس سے پرانی