پنجاب کے دریاؤں میں خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد مل گئے، مریم نواز

 اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے دریاؤں میں خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد مل گئے ہیں۔ 2 روزہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے پہلے روز ہونے والے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب 5 دریاؤں کی سرزمین ہے۔ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے۔ پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں ، دریاؤں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔ پنجاب کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوش حالی میں بدلنا چاہتے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی