اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پی ٹی آئی رہنماؤں کی اہم شخصیت سے ملاقات کے بعد عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ دنوں میں پمز اسپتال کے بجائے ایک نجی اسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے، اس سلسلے میں متعلقہ نجی اسپتال کی انتظامیہ کو بھی مطلع کردیا گیا ہے، تاہم انہیں کتنے عرصے کے لیے اسپتال میں رکھا جائے گا، اس بارے میں فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق 9 نومبر کو بیرسٹر گوہر، سینیٹر علی ظفر اور سلمان صفدر نے ایک اہم عدالتی شخصیت سے ملاقات کی تھی۔ اس نشست میں عمران خان کی صحت اور ان تک رسائی کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ اسی ملاقات کے بعد گزشتہ روز دو وکلا کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت دینے کے احکامات جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کو گزشتہ رات پمز اسپتال لے جانے کا فیصلہ بھی اسی رابطے کے بعد سامنے آیا۔ بیرسٹر گوہر خان اس منتقلی کے معاملے سے پہلے ہی آگاہ تھے۔ اب نجی اسپتال منتقلی کے امکان پر بھی پیشرفت ہورہی ہے، تاہم قیام کی مدت کے بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔
