کراچی (آئی آر کے نیوز): آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لیے مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا۔
وفد کی قیادت مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کر رہے تھے۔ وفد میں وفاقی وزیر کھیل داس کوہستانی اور امیدوار نعیم الحق بھی شامل تھے۔ ن لیگی وفد نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق، شبیر قائم خانی سمیت دیگر قیادت سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر انتخابات، سندھ کی سیاسی صورتحال، ایم کیو ایم اور ن لیگ کے تعلقات اور ورکنگ ریلیشن شپ پر بات چیت ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم قیادت سے ایک بار پھر آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت کی درخواست کی۔ اس سے قبل ن لیگی وفد احسن اقبال کی قیادت میں اسلام آباد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ملاقات کر چکا ہے۔
