میرپور (آئی آر کے نیوز): آزاد کشمیر میں جہاں راولاکوٹ شہر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بیچ پُرتشدد تصادم کے بعد کشیدگی برقرار ہے تو وہیں دارالحکومت مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی نے خواجہ آصف سمیت پاکستان کے بعض وفاقی وزرا کے بیانات کے خلاف ایک مذمتی قراردار متفقہ طور پر منظور کی ہے۔
آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رُکن قانون ساز اسمبلی سردار محمد یعقوب خان کی جانب سے جمع کروائی گئی اس قرارداد میں پاکستان کے وفاقی وزرا کے کشمیر میں بدامنی سے متعلق بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
اس قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ بدامنی کے واقعات پر ’سچ اور مفاہمت کمیشن‘ کے قیام تک راولاکوٹ میں ’کسی بھی کارروائی کو روکا جائے۔‘
قرارداد کے متن میں لکھا ہے کہ ’موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ریاست میں مزید جانی نقصان سے بچا جائے۔‘
