فوج کے خلاف مبینہ مہم کے مقدمے میں نورین نیازی کی حفاظتی ضمانت منظور


 لاہور (آئی آر کے نیوز): لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن نورین نیازی کو ریاست اور مسلح افواج کے خلاف مہم چلانے کے الزام کے تحت درج ایک مقدمے میں حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے انھیں متعلقہ عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے نورین نیازی کے خلاف پیکا اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کے ‏جسٹس سردار اکبر ڈوگر نے نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انھیں ایک ہفتے کے اندر متعلقہ عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ نورین نیازی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے این سی سی آئی اے کو انھیں گرفتار کرنے سے روکا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ نورین نیازی نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں ریاستِ پاکستان اور اس کے اداروں، بشمول مسلح افواج، کے خلاف ’جھوٹے اور بے بنیاد الزامات‘ عائد کیے اور عوام کا ریاست پر اعتماد متزلزل کرنے کی کوشش کی۔

جدید تر اس سے پرانی