انتظامی اصلاحات سے متعلق محسن نقوی کی باتیں غور طلب اور وقت کی ضرورت ہیں، عبدالعلیم خان

 اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی وزیر مواصلات و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی انتظامی اصلاحات پر باتیں انتہائی غور طلب اور وقت کی ضرورت ہیں۔



صدر آئی پی پی عبد العلیم خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی بڑھتی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیشِ نظر ہر صوبے کو تین صوبوں (انتظامی یونٹس) میں تقسیم کیا جائے۔

صدر آئی پی پی نے کہا کہ موجودہ صوبوں کو نارتھ، سینٹرل اور ساؤتھ کے نام سے تین تین صوبوں میں تقسیم کیا جائے، اس طرح سے کسی بھی صوبے کا نام تبدیل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، صوبوں کی اس تقسیم سے تمام علاقوں کی تاریخی و ثقافتی شناخت مکمل طور پر برقرار رہے گی،

عبد العلیم خان نے کہا کہ نئے صوبے بننے سے عوام کے تمام مسائل کا پائیدار حل ممکن ہو سکے گا، شہریوں کو چھوٹے کاموں کے لیے سیکڑوں کلومیٹر کا لمبا سفر کر کے دارالحکومتوں میں جانا پڑتا ہے، اگر نئے صوبے بن جائیں اور مسائل دہلیز پر حل ہوں تو آخر کسی کو کیا تکلیف ہو سکتی ہے؟، ہاں اگر کسی کی 'بادشاہت' میں کمی آتی ہے تو وہ ایک الگ بات ہے۔

جدید تر اس سے پرانی