میرپور (آئی آر کے نیوز): آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد سیکرٹری الیکشن کمشن راجہ شکیل نے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا ہے تاہم اُن کے مطابق حتمی نتائج تیار کیے جا رہے ہیں۔
آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے چار حلقوں میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 13 میں سے نو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی چار نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
