بیجنگ (آئی آر کے نیوز): چین کی وزارتِ خارجہ نے ایران کی موجودہ صورتحال پر اپنا اہم مؤقف جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں جاری تنازع شروع ہی نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ اس جنگ نے نہ صرف ایرانی عوام بلکہ پورے خطے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران تنازع کے اثرات عالمی معیشت، سپلائی چین، بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی عالمی ترسیل پر بھی منفی اثر ڈال رہے ہیں۔
بیان میں حالیہ امریکا ایران جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ مذاکرات کا دروازہ کھل چکا ہے، اسے دوبارہ بند نہیں ہونا چاہیے۔
چین نے زور دیا کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا درست راستہ ہے جبکہ طاقت کا استعمال ’ڈیڈ اینڈ‘ یعنی تباہ کن راستہ ثابت ہوگا۔
