اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا ، کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔
فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج،کوئٹہ میں زیرِتربیت افسران اورفیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے اسٹاف کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، استعداد اورپیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز سمیت تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ اس کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیرمعمولی کارکردگی اورپیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں، افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثرجواب دینے کیلئے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں اور پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔
