اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے عمران خان کے گھر کی نیلامی سے متعلق خبروں کو غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کسی بھی جائیداد کی نیلامی نہیں کی جا رہی۔
نیب ذرائع کے مطابق عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سرنڈر کر چکے ہیں اور اس کیس میں ان کی کوئی جائیداد نیلامی کے احکامات میں شامل نہیں ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ اس کیس میں عمران خان کی جائیدادیں شامل نہیں اور جو نیلامی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، وہ صرف مفرور اور اشتہاری ملزمان تک محدود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تین جائیدادوں کی نیلامی کی جا رہی ہے، جن میں موضع موہڑہ نور میں واقع 405 کنال اور 248 کنال اراضی شامل ہے، جن کی نیلامی آج طے شدہ ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد کے علاقے تھری کلب روڈ پر واقع ایک اور زمین کا ٹکڑا بھی نیلامی کا حصہ ہے۔ یہ تمام جائیدادیں ان افراد کی ملکیت ہیں جنہیں عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، اور انہیں عدالتی احکامات کے تحت ضبط کیا گیا تھا۔
نیب نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کی جائیدادوں کے حوالے سے سامنے آنے والی خبریں حقائق کے منافی ہیں، اور ان کا نیلامی سے کوئی تعلق نہیں۔