طویل عرصے بعد اداکارہ نرما کی سوشل میڈیا پر واپسی، مداح خوشی سے جھوم اٹھے

 11

کراچی (شوبز ڈیسک): پاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ نرما طویل عرصے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر جلوہ گر ہو گئی ہیں، جس پر ان کے مداحوں نے بھرپور خوشی اور جوش کا اظہار کیا ہے۔ اداکارہ نرما کو حال ہی میں ایک جم میں دیکھا گیا، جہاں وہ اپنے ٹرینر کے ہمراہ ورزش کرتی ہوئی نظر آئیں۔

سامنے آنے والی ویڈیوز میں نرما نے گلابی رنگ کی ٹی شرٹ اور جم ٹراوزر زیب تن کر رکھا ہے، جبکہ ان کی مجموعی فٹنس اور وزن میں واضح کمی بھی نمایاں ہے۔ ویڈیوز میں نرما بغیر میک اپ کے دکھائی دیں، جس پر مداحوں نے ان کے فطری حسن کو سراہتے ہوئے تعریفوں کے ڈھیر لگا دیے۔

یاد رہے کہ نرما کی آخری فلم "شیرِ لاہور" سال 2014 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد وہ میڈیا اور فلم انڈسٹری سے کنارہ کش ہو گئیں۔ اس طویل غیر موجودگی کے دوران ان سے متعلق ذاتی مسائل کی افواہیں بھی گردش کرتی رہیں، تاہم حالیہ ویڈیوز سے واضح ہے کہ نرما نہ صرف خوشحال زندگی گزار رہی ہیں بلکہ اپنی صحت و تندرستی پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہیں۔

مداحوں نے انسٹاگرام اور فیس بک پر نرما کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ کئی مداحوں کا کہنا ہے کہ اگر نرما دوبارہ اسکرین پر واپسی کا فیصلہ کرتی ہیں تو یہ فلم انڈسٹری کے لیے ایک خوش آئند لمحہ ہوگا۔

جدید تر اس سے پرانی