عمران خان کا 14 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

 Image: FILE PHOTO: Pakistani Prime Minister Imran Khan speaks during an interview with Reuters in Islamabad

راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ جن افراد کو ناجائز طریقے سے نااہل کیا گیا ہے، ان کی نشستوں پر کسی کو کھڑا نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو حقیقی آزادی کے لیے 14 اگست کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ ہم تینوں بہنیں جیل کے باہر موجود تھیں، عظمیٰ خان کو بانی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت ملی۔

علیمہ خان کے مطابق، عمران خان نے ملک گیر احتجاج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم، جبر اور دباؤ کے باوجود لوگ باہر نکلے، یہ قوم کی بیداری کا ثبوت ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ماضی کے آمروں نے بھی اتنا ظلم نہیں کیا جتنا آج ہو رہا ہے، یحییٰ خان نے اقتدار کے لالچ میں ملک تقسیم کیا، آج میڈیا کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ آزادی آسانی سے نہیں ملتی، اس کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے واضح طور پر کہا کہ 14 اگست کو عوام حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلیں، ملک میں رول آف لاء ختم ہو چکا ہے، جیلیں اور گرفتاریاں تحریک کو نہیں روک سکتیں، پارٹی قیادت کو بھی کہا ہے کہ خوف کو شکست دیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی نے سختی کے باوجود کبھی اپنی ذات سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی، وہ صرف ملک اور قوم کی بات کرتے ہیں۔

عمران خان نے نااہل قرار دیے گئے پارٹی ارکان سے متعلق کہا کہ ان کی نشستوں پر کسی کو کھڑا نہ کیا جائے، کیونکہ ان کو ناجائز اور غیر قانونی طریقے سے نااہل کیا گیا ہے۔

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو پیغام دیا ہے کہ جاری آپریشن بند کیا جائے، کیونکہ یہ پی ٹی آئی کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل طاقت کے بجائے جرگوں کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، اگر علی امین گنڈاپور آپریشن نہیں روک سکتے تو انہیں غور کرنا چاہیے کہ اب کیا قدم اٹھایا جائے۔

یاد رہے کہ عمران خان توشہ خانہ کیس سمیت مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور تحریک انصاف نے 5 اگست سے ان کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاجی مہم کا آغاز کیا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی