پاکستان کی نصف سے زائد بیوروکریسی نے پرتگال میں جائیدادیں خرید لیں، خواجہ آصف کا بڑا انکشاف

 Defence Minister Khawaja Asif. — Screengrab

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ملک کی بیوروکریسی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی نصف سے زائد بیوروکریسی نے پرتگال میں جائیدادیں خرید رکھی ہیں اور وہ وہاں کی شہریت حاصل کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ایک پوسٹ میں خواجہ آصف نے کہا کہ یہ سب نامی گرامی بیوروکریٹس ہیں جو اربوں روپے ہضم کر کے آج ریٹائرمنٹ کی پُرآسائش زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے ایک بیوروکریٹ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بزدار کا قریبی افسر بیٹیوں کی شادی پر صرف سلامی کی مد میں 4 ارب روپے اکٹھے کر چکا ہے، اور اب وہ مکمل سکون سے ریٹائر ہو چکا ہے۔

خواجہ آصف نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ "سیاستدان تو بیوروکریسی کے چھوڑے ہوئے مال پر گزارا کرتے ہیں، ان کے پاس نہ تو پلاٹ ہیں، نہ غیر ملکی شہریت، کیونکہ انہیں عوام کے درمیان جا کر الیکشن لڑنا ہوتا ہے۔"

وزیر دفاع نے بیوروکریسی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "یہی طبقہ پاک سرزمین کو پلید کر رہا ہے۔"

خواجہ آصف کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب جون 2025 میں انہوں نے مبینہ ’ہائبرڈ نظام حکومت‘ کی حمایت میں بھی بیان دیا تھا۔ انہوں نے اس وقت فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کو "ہائبرڈ ماڈل آف گورننس" کی کامیابی قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ ’ہائبرڈ ماڈل‘ اس سیاسی ڈھانچے کی علامت سمجھا جاتا ہے جہاں فوجی اثر و رسوخ کے تحت سول حکومت کے فیصلے طے پاتے ہیں۔ خواجہ آصف کے حالیہ بیانات اس نظام پر بحث کو ایک نئی سمت دے رہے ہیں، بالخصوص جب وہ خود کابینہ کے اہم رکن کی حیثیت رکھتے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی