اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے معرکہ حق آپریشن کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر بننے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ تمام مباحثے ناقابلِ یقین اور حقیقت سے دور ہیں۔
معروف برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے صدر کے عہدے کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نام زیرِ غور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے بارے میں پاکستان کے صدر بننے کی باتیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
جریدے نے انٹرویو میں بھارتی وزیر اعظم کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوال پوچھا کہ اگر بھارت حملہ کرتا ہے تو پاکستان کس جواب کے ساتھ سامنے آئے گا؟ اس پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے جواب دیا: ہم اس بار ہندوستان کے مشرق سے آغاز کریں گے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ یہ کارروائی بھارت کے اندر گہرائی میں ہوگی تاکہ بھارت کو یہ سمجھ آ جائے کہ وہ بھی کسی بھی جگہ نشانہ بن سکتا ہے۔
جنرل احمد شریف چوہدری کا موقف ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی سیاسی سازش کی نذر نہیں، اور سٹرکچر داخلہ و خارجہ پالیسی سے ماورا رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے اپنی حکمت عملی واضح کر رکھی ہے اور شفافیت کے ساتھ پیش رفت جاری ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب معرکہ حق کے بعد سے دفاعی امور، پاک فوج کی داخلی شفافیت اور پاکستان کے آئندہ ممکنہ سیاسی منظرنامے پر مباحثے بڑھ گئے ہیں۔ جنرل احمد شریف چوہدری کا موقف واضح ہے کہ دفاعی قیادت کا سیاسی تسلط اختیار کرنے سے دور رہنا ہی ملکی سالمیت کے لیے ضروری ہے۔