لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان میں ایشین کرکٹ کے براڈ کاسٹنگ حقوق 5.2 ملین ڈالر (تقریباً ڈیڑھ ارب پاکستانی روپے) میں سرکاری ٹیلی ویژن کو فروخت کر دیے گئے ہیں۔ ان رائٹس میں 2025 سے 2027 کے درمیان ہونے والے دو مینز ایشیا کپ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ 2025 کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے۔ اگر پاکستان اور بھارت فائنل تک رسائی حاصل کرتے ہیں تو شائقین کرکٹ کو 3 پاک-بھارت مقابلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے 2024 سے 2031 تک کے آٹھ سالہ میڈیا رائٹس بھارتی نشریاتی ادارے سونی انڈیا کو 170 ملین ڈالر (تقریباً 47 ارب 26 کروڑ روپے) میں فروخت کیے تھے۔ اس معاہدے میں مینز اور ویمنز کے چار، چار ایشیا کپ سمیت ایمرجنگ ٹیموں کے کل 119 میچز شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سونی انڈیا نے پاکستان میں دو ایشیا کپ کے میڈیا رائٹس کے بدلے 12 ملین ڈالر کا مطالبہ کیا تھا، تاہم پاکستان میں موجود تینوں ممکنہ خریدار ادارے اتنی بڑی رقم کی ادائیگی پر آمادہ نہیں تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ موجودہ مارکیٹ میں اس قدر بڑی سرمایہ کاری سے منافع کمانا ممکن نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان چینلز کے درمیان کنسورشیم بنانے پر بھی بات چیت ہوئی، تاہم گزشتہ روز سرکاری ٹی وی نے اچانک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 5.2 ملین ڈالر میں یہ رائٹس حاصل کر لیے۔
دوسری جانب سونی انڈیا اب بھی دو نجی پاکستانی چینلز سے رابطے میں ہے، جو مشترکہ طور پر یہ رائٹس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سونی کا ہدف کم از کم 5 ملین ڈالر حاصل کرنا ہے۔
ادھر پاکستان میں ایشیا کپ کے ڈیجیٹل رائٹس کا معاہدہ پہلے ہی طے پا چکا ہے۔ یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے میڈیا رائٹس سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم میں پاکستان کا حصہ تقریباً 25 فیصد (یعنی 42.5 ملین ڈالر) ہے، جب کہ تقریباً 65 فیصد آمدنی بھارت سے حاصل ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹیلی ویژن کے لیے یہ معاہدہ مالی اور اسٹریٹجک دونوں حوالوں سے اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ایشیا کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹس پر عوامی رسائی یقینی بنانا بھی قومی مفاد کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔