جناح اسپتال لاہور سے ایک کروڑ سے زائد کا قیمتی سامان غائب

 جناح اسپتال لاہور سے 1کروڑ سے زائد کا قیمتی سامان غائب

لاہور (آئی آر کے نیوز): جناح اسپتال لاہور سے ایک کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا قیمتی طبی سامان غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ معاملے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اسپتال کے متعلقہ افسر ڈاکٹر شبیر حسین کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ڈاکٹر شبیر پر بدعنوانی کے شواہد پیش کیے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غائب ہونے والے سامان میں آپریشن تھیٹر ٹیبلز، بیڈز، ایئر کنڈیشنرز، وہیل چیئرز اور قیمتی فرنیچر شامل ہیں۔

شوکاز نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ طبی سامان جان بوجھ کر غائب کیا گیا، جس کی ذمہ داری ڈاکٹر شبیر پر عائد ہوتی ہے۔ محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ اگر مقررہ وقت میں تسلی بخش وضاحت پیش نہ کی گئی تو ضابطے کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور ذمہ داروں کے خلاف مزید کارروائی کی جا سکتی ہے۔

جدید تر اس سے پرانی