اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو کروڑوں روپے کی پیشکش کی گئی، تاہم پارٹی قیادت اور کارکنان نے تمام تر دباؤ اور لالچ کو مسترد کرتے ہوئے وفاداری نبھائی۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے سب کچھ قربان کیا، لیکن کوئی کمپرومائز نہیں کیا۔ جن کارکنوں کے گھر، کاروبار اور خاندان متاثر ہوئے، وہ آج بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے آسان راستہ اختیار کرنے کے بجائے مشکلات کا سامنا کیا۔ عمران خان کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے اپنے مقدمات ختم کروائے اور مراعات حاصل کیں، وہ ہمارا راستہ نہیں۔ ہم نے پارلیمنٹ کا میدان خالی نہیں چھوڑا، اگرچہ الیکشن ہم سے چرائے گئے، لیکن ہم نے شکست تسلیم نہیں کی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ وہ جلد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کریں گے اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مشکل فیصلے کیے، آسان آپشنز کو مسترد کیا اور آئندہ بھی اصولوں پر قائم رہ کر جدوجہد جاری رکھے گی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے حالیہ دنوں میں پارٹی کارکنان اور منتخب نمائندوں کو مبینہ طور پر ریاستی دباؤ اور لالچ کا سامنا ہونے کے متعدد بیانات سامنے آئے ہیں، تاہم پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر اپنے مؤقف اور رہنما عمران خان سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔