پاکستان کا ایشیا ہاکی کپ 2025 میں شرکت سے انکار، ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ

 — فائل فوٹو:  اے ایف پی

اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایشیا ہاکی کپ 2025 میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد قومی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے باقاعدہ طور پر ٹیم کو بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد ایشین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد نے اس حوالے سے بتایا کہ پاکستان کو ماضی میں بھی بھارت میں کھیلنے پر تحفظات رہے ہیں، اور اس مرتبہ بھی سیکیورٹی یقینی نہ ہونے کے باعث ٹیم کو بھیجنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اور بھارتی حکومت نے سیکیورٹی کی یقین دہانی نہیں کروائی۔

رانا مجاہد نے واضح کیا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو اعتماد میں لیے بغیر بنگلہ دیش کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اپنے حکومتی فیصلوں کی پابند ہے، اور حکومت پاکستان نے دھمکیوں اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر قومی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق بھارت میں موجود انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے پاکستانی ہاکی ٹیم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں، جس پر پاکستان نے فوری طور پر بھارت اور ایشین ہاکی فیڈریشن کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ ایشیا ہاکی کپ 2025 بھارت کے شہر راجگیر میں 27 اگست سے 7 ستمبر تک منعقد ہوگا، جس میں بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا، جنوبی کوریا، عمان اور چائنیز تائپے کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے باوجود قومی ٹیم کے پاس آئندہ ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے مواقع بدستور موجود ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی