خیبرپختونخوا: ضلع باجوڑ میں عام کرفیو ختم، معمولات زندگی بحال، بازار کھل گئے

 —فوٹو: اے آر وائی نیوز

لوئر دیر (آئی آر کے نیوز): باجوڑ میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کرفیو میں نرمی کا اعلان کر دیا ہے، جب کہ مقامی شہریوں نے اپنے علاقوں کی حفاظت کے لیے مسلح گشت اور پہرہ داری شروع کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آج سے خار منڈا روڈ، خار ناواگی روڈ، خار صادق آباد اور عنایت کلی روڈ کو ٹریفک کے لیے کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ان سڑکوں سے منسلک تمام بازار بھی مکمل طور پر کھلے رہیں گے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری رات کے وقت اپنے محلوں میں مسلح گشت کرتے اور چوکسی کے فرائض انجام دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق اس اقدام کا مقصد دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت کو روکنا اور اپنے علاقوں کو محفوظ بنانا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں باجوڑ کی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور مقامی جرگوں میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ کسی بھی قیمت پر علاقے میں دہشت گردوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور امن و امان کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا۔

مختلف علاقوں میں عوام نے ازخود سیکیورٹی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، جن میں نوجوان رضاکار شامل ہیں۔ یہ کمیٹیاں مسلسل دن رات نگرانی اور گشت کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

جدید تر اس سے پرانی