اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور اطلاعاتی محاذ پر بھرپور دفاع کے اعتراف میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، دورانِ جنگ عطا اللہ تارڑ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن نے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا۔ دونوں شخصیات نے میڈیا محاذ پر پاکستان کا بیانیہ بھرپور انداز سے اجاگر کیا، جس پر ان کی خدمات کو سراہا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے جنگی حالات میں بین الاقوامی میڈیا اور سفارتی چینلز پر پاکستان کا مؤقف نہایت مہارت سے اجاگر کیا، جس کے باعث انہیں ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اسی طرح، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن کو بھی ان کی نمایاں خدمات پر ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، دونوں نامزدگیاں افواجِ پاکستان کی جانب سے تجویز کی گئیں، جس کا مقصد اطلاعاتی میدان میں پاکستان کے مفادات کے دفاع میں ان کے کردار کو تسلیم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ ستارہ امتیاز پاکستان کا تیسرا بڑا سول اور عسکری اعزاز ہے، جو ہر سال 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ملک کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔