اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): قومی اسمبلی کا اہم اور ممکنہ طور پر ہنگامہ خیز اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کی جانب سے احتجاج کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے اطراف اور اندرونی حصوں میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں سیکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ صرف وہی افراد داخل ہو سکیں گے جن کے پاس باقاعدہ اجازت نامے موجود ہوں گے۔
اجلاس کی کوریج کے لیے صحافیوں کو جاری پریس گیلری کارڈز مؤثر ہوں گے، جب کہ عارضی بنیادوں پر جاری کردہ تمام صحافتی کارڈز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اراکین اسمبلی کے مہمانوں کے لیے جاری کردہ پاسز کو بھی منسوخ کیا گیا ہے، تاکہ ایوان کے اندر سیکیورٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے دو سال مکمل ہونے پر ملک گیر احتجاج کی کال دی گئی ہے، اور امکان ہے کہ آج کے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی ارکان اپنی سیاسی حکمت عملی کے تحت احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، جس کے باعث پارلیمنٹ میں کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔