اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزارت تجارت نے قومی اسمبلی میں تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان میں تانبے اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس حوالے سے وزیر تجارت کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ تانبے کا شعبہ پاکستان کی معیشت کے لیے نہایت اہمیت کا حامل بن چکا ہے۔
وزیر تجارت کے مطابق پاکستان تانبے کے وسیع ذخائر سے مالا مال ملک ہے اور عالمی سطح پر تانبے کے ذخائر کے اعتبار سے پاکستان دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ان ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھا کر پاکستان اپنے تجارتی خسارے میں نمایاں کمی لا سکتا ہے۔ فی الوقت پاکستان تانبے کی کچھ دھاتیں زیادہ تر چین کو برآمد کرتا ہے۔
وزارت تجارت کے مطابق امریکہ نے معدنیات، خاص طور پر تانبے کے شعبے میں سرمایہ کاری میں سنجیدہ دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس سلسلے میں امریکہ نے تانبا، لوہا، فولاد اور ایلومینیم کی درآمد پر 50 فیصد ٹیکس عائد کر رکھا ہے، تاہم ریفائن شدہ تانبا اس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ اگر پاکستان ریفائن شدہ تانبا برآمد کرے تو اسے امریکی منڈی میں بہتر رسائی حاصل ہو سکتی ہے اور زیادہ مالی فائدہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
مزید یہ کہ عالمی سطح پر آنے والے برسوں میں تانبے کی مانگ میں مزید اضافہ متوقع ہے، کیونکہ یہ دھات صاف توانائی (کلین انرجی) اور اس سے متعلقہ جدید ٹیکنالوجیز میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اس شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے تاکہ ملک کی معدنی صلاحیتوں کو معاشی ترقی میں تبدیل کیا جا سکے۔