اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آئندہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے فیصلہ بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ کا حصہ رہے گی، تاہم ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ عمران خان سے ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات ہو گی تو الیکشن پر بات چیت ہوگی۔
انہوں نے 5 اگست کو ہونے والے احتجاج کو ایک بار پھر "کامیاب اور مؤثر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے حلقوں میں پی ٹی آئی ارکان نے اپنی ذمہ داریاں ادا کیں، اور ہر ضلع میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے پارٹی سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جمہوری معاشروں میں اسی طرح پرامن احتجاج ہوتے ہیں اور یہ عوام کی آواز بلند کرنے کا ایک آئینی طریقہ ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکانِ پارلیمنٹ اپنی آئینی و سیاسی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے، باوجود اس کے کہ پارٹی کے ہر رکن پر درجنوں مقدمات قائم کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک ایک رکن پر 50، 50 کیسز ہیں، اور وہ پہلے ہی قربانیاں دے رہے ہیں۔
پارٹی قیادت کے مطابق عمران خان سے مشاورت کے بعد ہی ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے بارے میں حتمی پالیسی سامنے آئے گی۔