پشاور (آئی آر کے نیوز): خیبرپختونخوا حکومت نے باجوڑ سے رضاکارانہ طور پر نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے امدادی رقم کی فراہمی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو حکومت تنہا نہیں چھوڑے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کسی بھی قسم کی آپریشن یا نقل مکانی کی حامی نہیں، تاہم امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اگر لوگ اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہوں تو ان کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ باجوڑ سے رضاکارانہ طور پر گھر چھوڑنے والے خاندانوں کو فی کس 50 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی، جب کہ سیکیورٹی فورسز کی ٹارگٹڈ کارروائی مکمل ہونے کے بعد مزید 25 ہزار روپے فی خاندان دیے جائیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت متاثرہ شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کو امداد کی فوری اور شفاف فراہمی یقینی بنائی جائے۔