ہم نے کسی کو آپریشن کی اجازت نہیں دی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ

 

پشاور (آئی آر کے نیوز): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، لیکن صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور عوامی تعاون کے ذریعے امن بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بات انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے دوران کہی۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں، اس کے خلاف حکومت نے آغاز سے ہی جرگوں کے ذریعے عوام کو آن بورڈ لینے کا عمل شروع کیا تاکہ عوام کو اعتماد میں لے کر مؤثر حکمت عملی بنائی جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی پالیسی آپریشن یا جبری انخلاء کی نہیں، باجوڑ میں ٹارگٹڈ کارروائیاں عوام کے تحفظ کے لیے کی جارہی ہیں۔ ہم نے کسی کو آپریشن کی اجازت نہیں دی، اور جو کارروائیاں ہو رہی ہیں، وہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد مخصوص اہداف تک محدود ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سویلین آبادی کا نقصان کسی صورت قابل قبول نہیں، چاہے وہ کسی بھی فریق کی طرف سے ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی حکومت افغانستان کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ ہے، اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں مکمل ہوم ورک کر رہی ہے۔

جدید تر اس سے پرانی