مدینہ منورہ ایک بار پھر عالمی ادارۂ صحت کا "صحت مند شہر" قرار

 

مدینہ منورہ (آئی آر کے نیوز): مقدس شہر مدینہ منورہ کو ایک بار پھر عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے "صحت مند شہر" کا درجہ دے دیا گیا ہے، جس سے سعودی عرب کی شہری منصوبہ بندی اور صحت عامہ کے شعبے میں عالمی سطح پر اعتماد کا اظہار ہوا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، مدینہ منورہ نے عالمی ادارۂ صحت کے 80 سے زائد معیارات کامیابی سے مکمل کیے، جن میں صحت، ماحول، تعلیم، خوراک، بنیادی سہولیات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے شامل ہیں۔ ان تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے مدینہ کو ایک مرتبہ پھر صحت مند شہر قرار دے کر باقاعدہ تصدیقی سند جاری کی۔

اس موقع پر مدینہ کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان نے سعودی وزیر صحت سے یہ سند وصول کی۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کو دوبارہ یہ اعزاز ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی قیادت عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔

یاد رہے کہ مدینہ منورہ کو پہلی بار یہ اعزاز 2019 میں ملا تھا، جبکہ رواں سال طائف، تبوک، الدرعیہ سمیت 14 دیگر سعودی شہر بھی صحت مند شہروں کی عالمی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔

شہزادہ سلمان بن سلطان نے کہا کہ مدینہ کی تیز رفتار ترقی، منصوبہ بندی، اور سہولتوں کی فراہمی نے اسے علاقائی اور عالمی سطح پر ایک کامیاب ماڈل شہر بنا دیا ہے، جو نہ صرف ترقی کا عکاس ہے بلکہ وژن 2030 کی عملی جھلک بھی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، صحت مند شہر کی سند اس بات کا اشارہ ہے کہ متعلقہ شہر میں پائیدار ترقی، مؤثر حکمرانی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی