اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے یومِ آزادی کے موقع پر احتجاج کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد کیا، جس میں پارٹی رہنماؤں نے 14 اگست کے حوالے سے آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی، جس کی قیادت پی ٹی آئی کے صدر عامر مغل کریں گے۔ ریلی رات 9 بجے زیرو پوائنٹ سے شروع ہوگی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلی میں شرکت کرنے والے کارکنوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک ہاتھ میں پاکستان کا پرچم اور دوسرے ہاتھ میں پی ٹی آئی کا جھنڈا اور چیئرمین عمران خان کی تصویر لے کر شریک ہوں۔
عامر مغل نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کی جانب سے اس ریلی کا مقصد صرف یومِ آزادی منانا ہے، اور کسی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی۔
پارٹی قیادت نے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ پُرامن طریقے سے شرکت کو یقینی بنائیں اور ملکی وقار کے مطابق یومِ آزادی کی تقریبات میں جذبے سے حصہ لیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے اس سے قبل بھی مذاکرات اور پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر زور دیا جاتا رہا ہے، اور 14 اگست کی ریلی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔