اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): یومِ آزادی کے موقع پر معروف گلوکار راحت فتح علی خان کا نیا ملی نغمہ ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ ریلیز کردیا گیا، جس میں وطن سے محبت، قربانیوں اور حب الوطنی کے جذبات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
یہ ملی نغمہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اسے یومِ آزادی کے موقع پر قربانی اور تجدیدِ عہد وفا کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
نغمے میں وطن سے بے پناہ محبت، شہداء کی لازوال قربانیوں اور قوم کے اتحاد کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ گیت کے بول وطن کی مٹی سے عشق اور خون کے آخری قطرے تک دفاعِ وطن کے عزم کو اجاگر کرتے ہیں۔
راحت فتح علی خان کی پراثر آواز میں گایا گیا یہ نغمہ نہ صرف قوم کی بہادری کا عکاس ہے بلکہ پاکستان کی عظمت اور استحکام کا پیغام بھی دیتا ہے۔
ملی نغمے میں شہداء کی قربانیوں کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے جبکہ ملک کے وقار، عوامی اتحاد، اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔
پاکستان ہمیشہ زندہ باد نغمہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور عوام کی جانب سے اسے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔