فلوریڈا (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں 14 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ صائم ایوب نے 66 اور صاحبزادہ فرحان نے 74 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ دیگر بلے بازوں میں حسن نواز نے 15 اور محمد حارث نے 2 رنز بنائے، جبکہ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز تک محدود رہی۔ یوں پاکستان نے میچ 14 رنز سے جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ تیسرے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، جہاں شاہین آفریدی کی جگہ حارث رؤف اور فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے فتح سمیٹی تھی۔ تیسرے اور فیصلہ کن مقابلے میں کامیابی کے بعد پاکستان نے نہ صرف سیریز جیت لی بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی نے ٹیم کے مستقبل کے لیے بھی امیدیں روشن کر دی ہیں۔ شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر ٹیم کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔