اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و قانونی امور رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر ملک گیر احتجاج مؤخر کرے تاکہ قومی جشن کی تقریبات متاثر نہ ہوں۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 14 اگست قوم کے لیے یومِ جشن و مسرت ہے اور اسے "رواں سال معرکۂ حق کی کامیابی" کے طور پر منایا جا رہا ہے، لہٰذا تحریک انصاف احتجاج کو ایک دن پہلے یا بعد میں منتقل کرے تاکہ قومی یکجہتی کے پیغام کو نقصان نہ پہنچے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ (ن) لیگ کے قائد نواز شریف مدتِ ملازمت میں توسیع (ایکسٹینشن) کے مخالف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم اس وقت پارلیمنٹ کے ایجنڈے پر نہیں، تاہم آئین میں ترمیم کا اختیار صرف پارلیمان کو حاصل ہے۔
یاد رہے کہ 6 اگست کو پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری کیا گیا تھا، جس میں پارٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ ملک میں جاری مبینہ فاشزم کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ سڑکوں پر نکلے۔ یہ بیان 5 اگست کو پی ٹی آئی کے ملک گیر احتجاج کی ناکامی کے اگلے دن سامنے آیا تھا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری حق ہے لیکن قومی تقریبات کو متاثر کرنا مناسب طرزِ عمل نہیں۔