غزہ: الجزیرہ کے معروف صحافی انس الشریف اسرائیلی حملے میں شہید

 

غزہ (آئی آر کے نیوز): غزہ میں اسرائیلی افواج کی جارحیت کا ایک اور افسوسناک باب، قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے سینئر صحافی انس الشریف اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے۔ المناک واقعے میں ان کے تین صحافتی ساتھی بھی جان کی بازی ہار گئے۔

الشفاء اسپتال کے حکام کے مطابق 28 سالہ انس الشریف اور دیگر صحافی غزہ سٹی کے مرکزی علاقے میں ایک خیمے میں موجود تھے، جہاں صحافیوں کے لیے عارضی پریس پوائنٹ قائم کیا گیا تھا۔ اسی دوران اسرائیلی افواج نے حملہ کیا، جو مبینہ طور پر ٹارگٹڈ اسٹرائیک تھا۔

شہداء میں الجزیرہ کے رپورٹر محمد قریقیہ، کیمرا مین ابراہیم ظاہر اور میڈیا ورکر محمد نوفل شامل ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق انس الشریف شمالی غزہ میں اسرائیلی بمباری، انسانی بحران اور جنگی جرائم پر مسلسل رپورٹنگ کر رہے تھے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ انہیں اس کوریج کے بعد متعدد بار دھمکیاں دی گئیں۔

اسرائیلی فوج نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انس الشریف مبینہ طور پر حماس کے ایک سیل کی قیادت کر رہے تھے، تاہم اس الزام کے کوئی ٹھوس شواہد تاحال پیش نہیں کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق انس الشریف ان چند صحافیوں میں شامل تھے جو غزہ میں جاری تباہی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کے آغاز سے اب تک 200 سے زائد صحافی اور میڈیا ورکرز شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد الجزیرہ نیٹ ورک سے وابستہ افراد کی ہے۔

جدید تر اس سے پرانی