وفاقی حکومت کی اپوزیشن کو 26ویں آئینی ترمیم پر مذاکرات کی دعوت

 وفاقی حکومت نے اپوزیشن کو 26 ویں ترمیم پر  مذاکرات کی دعوت دیدی

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی حکومت نے اپوزیشن کو آئین میں کی گئی 26ویں ترمیم میں بہتری کے لیے مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اپوزیشن کو ترمیم پر بات چیت کی دعوت دی اور کہا کہ ہم کل بھی تیار تھے، آج بھی تیار ہیں۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر اس آئینی ترمیم کو مزید بہتر بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ محض کاغذات پھاڑنے یا ایوان کا ماحول گرم کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، بات چیت ہی جمہوریت کا راستہ ہے اور اسی سے بہتری ممکن ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے وضاحت کی کہ 26ویں آئینی ترمیم کا مقصد عدالتی مداخلت سے پارلیمان کی توقیر کو بچانا ہے، اور اس سے زیر التوا عدالتی مقدمات کی تعداد میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ججوں کی تقرری کے لیے دنیا بھر میں یہی طریقہ کار رائج ہے جو اس ترمیم میں اپنایا گیا ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق ترمیم کا مقصد ادارہ جاتی توازن قائم رکھنا ہے، اور اپوزیشن اگر بہتری کی تجاویز رکھتی ہے تو حکومت ان پر کھلے دل سے غور کرنے کو تیار ہے۔

جدید تر اس سے پرانی