وفاقی حکومت کا 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ

 وفاقی حکومت کا 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی حکومت نے ملک کے 24 سرکاری اداروں کی نجکاری تین مراحل میں مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔

عبدالعلیم خان کے مطابق نجکاری کا عمل مرحلہ وار ہوگا۔ پہلے مرحلے میں ایک سال کے اندر 10 اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں ایک سے تین سال کے اندر مزید 13 اداروں کی نجکاری کی جائے گی، جبکہ تیسرے مرحلے میں ایک ادارے کی نجکاری کا عمل تین سے پانچ سال کے دوران مکمل ہو گا۔

قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں جن اداروں کی نجکاری کی جائے گی، ان میں قومی ائیرلائن (پی آئی اے)، روزویلٹ ہوٹل (نیویارک) اور زرعی ترقیاتی بینک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) سمیت تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو بھی اسی مرحلے میں نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔

دوسرے مرحلے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور چار بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں (جنکوز) کی نجکاری کی جائے گی۔ اس کے علاوہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) سمیت چھ مزید ڈسکوز بھی نجکاری کی فہرست میں شامل ہوں گی۔

وفاقی وزیر نجکاری کے مطابق حکومت کا مقصد سرکاری اداروں کے مالی بوجھ کو کم کرنا اور نجی شعبے کے ذریعے ان اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی