اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اپنے جرائم پر تحریری معافی مانگیں تو حکومت ان کی سزا معاف کرنے پر غور کر سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈان نیوز کے پروگرام دوسرا رخ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا احسان افضل کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان صدرِ مملکت کو تحریری معافی نامہ جمع کراتے ہیں، تو قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ان کی سزا معاف کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے پاس براہِ راست سزا معاف کرنے کا کوئی اختیار نہیں، لیکن آئینی و قانونی راستے موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ چونکہ عدالت میں عمران خان پر الزامات ثابت ہو چکے ہیں، اس لیے صرف معافی کی بنیاد پر ہی کوئی نرمی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات اور دیگر مقدمات کے باوجود سیاسی مکالمے کے دروازے بند نہیں کیے گئے۔
انہوں نے زور دیا کہ سیاست میں دشمنیاں نہیں ہوتیں، اور تمام جماعتوں کو قومی ایجنڈے پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔ تاہم انہوں نے عمران خان کو موجودہ سیاسی تقسیم کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ہی وہ جماعت ہے جو بین الجماعتی مکالمے سے انکار کرتی ہے۔