14 اگست کو یومِ آزادی بھرپور جوش و خروش سے منائیں گے، عمران خان کی رہائی کے لیے آواز بلند کریں گے: بیرسٹر گوہر

 بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بیرونی اور اندرونی بدامنی روکنا وفاقی حکومت کا کام ہے۔
فائل فوٹو: ڈان نیوز

پشاور (آئی آر کے نیوز): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی 14 اگست کو یومِ آزادی جوش و جذبے سے منائے گی اور اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے بھی آواز اٹھائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوامی مینڈیٹ کا احترام نہ کیا گیا تو یہ ملک اور جمہوریت دونوں کے لیے سنگین خطرہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق، پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، اور ہمیشہ سے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو اور پائیدار امن قائم ہو۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر قبائلی اضلاع کے عوام ہوئے ہیں، ان کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ قابل افسوس ہے لیکن نااہلیوں کے فیصلے کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں۔ امتیازی سلوک بند ہونا چاہیے اور نااہلیوں کا یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اندرونی و بیرونی بدامنی کو روکا جائے۔ ہم بارہا مذاکرات کی بات کر چکے ہیں، ملک میں موجود غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ سب کے مفاد میں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف یومِ آزادی قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے عزم کے ساتھ منائے گی۔

جدید تر اس سے پرانی