اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف یومِ آزادی کے موقع پر مبینہ طور پر دھرنے کی منصوبہ بندی کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج کیا گیا، جس میں امنِ عامہ ایکٹ سمیت 8 مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے تقریباً 40 کارکنان کو شہزاد ٹاؤن کے علاقے میں واقع ہوسٹل سٹی سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ دھرنے کے حوالے سے مبینہ طور پر ایک کانفرنس میں شریک تھے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی، جس دوران پی ٹی آئی کارکنان کے پاس بینرز اور ڈنڈے موجود تھے، اور انہوں نے پولیس کی موجودگی پر اشتعال انگیز نعرے بازی شروع کر دی۔
مقدمے کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان 14 اگست کو دھرنے میں شرکت اور دیگر سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے منظم منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران کارکنان نے نہ صرف مزاحمت کی بلکہ پولیس پر دھاوا بھی بول دیا، جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔