اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نیب ریفرنس کی روشنی میں ان کی جائیداد کی نیلامی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ کی جانب سے باضابطہ طور پر نیلامی کا اشتہار جاری کیا گیا ہے، جب کہ پی ٹی آئی نے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
جاری کردہ اشتہار کے مطابق نیلامی یونین کونسل بہارہ کہو میں عمل میں لائی جائے گی، جس میں عمران خان کی موضع موہڑہ نور میں واقع جائیداد کو نیلام کیا جائے گا۔ اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ نیلامی میں دو مختلف رقبوں کو پیش کیا جائے گا، جن میں 248 کنال 8 مرلے اور 405 کنال 3 مرلے زمین شامل ہے۔ نیلامی میں شرکت کے خواہشمند افراد کو 50 لاکھ روپے کا پے آرڈر چیئرمین نیب کے نام جمع کرانا ہوگا، جب کہ جائیداد کا دورہ بھی ممکن ہوگا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نیلامی ایولیوایشن کمیٹی کی منظور شدہ شرائط و ضوابط کے مطابق ہوگی، اور اس حوالے سے تمام تفصیلات متعلقہ پٹواری فراہم کرے گا۔ اشتہار کے مطابق نیلامی کا عمل آج ہی موضع بہارہ کہو میں مکمل کیا جائے گا۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اس پیش رفت پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنی گالہ رہائش گاہ کی نیلامی کی خبر اچانک منظر عام پر آئی، جو کہ بظاہر کسی خفیہ کارروائی کا نتیجہ لگتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنی گالہ کے منتظمین اس معاملے سے لاعلم ہیں اور پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جلد صورتحال واضح ہو جائے گی۔
بعد ازاں ایک اور بیان میں سلمان اکرم راجہ نے وضاحت کی کہ لیگل ٹیم کو دستیاب معلومات کے مطابق نیب ریفرنس نمبر 19/2023 (المعروف القادر ٹرسٹ کیس) میں دیگر ملزمان کو مفرور اور اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور آج کا نیلامی نوٹس انہی ملزمان کی جائیداد سے متعلق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم صورتحال پر مکمل نگاہ رکھے ہوئے ہے۔
نیب ریفرنس اور جائیداد کی ممکنہ نیلامی کے اس عمل نے ایک بار پھر عمران خان کے خلاف جاری قانونی کارروائیوں کو خبروں کا مرکز بنا دیا ہے، جب کہ پی ٹی آئی کی قیادت اس پورے معاملے کو مشکوک اور غیر شفاف قرار دے رہی ہے۔