راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): ملک کی ممتاز کاروباری شخصیات نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں موجودہ معاشی صورتحال، تجارتی مشکلات اور مستقبل کے چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس ملاقات کی قیادت سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کی، جب کہ دیگر نمایاں کاروباری رہنماؤں میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے چیئرمین کامران ارشد، صنعتکار ایس ایم تنویر، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور لاہور چیمبر آف کامرس کے صدور بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران گوہر اعجاز نے کاروباری برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے فیلڈ مارشل کو یقین دلایا کہ تاجر برادری حکومت کی معاشی پالیسیوں کی حمایت کر رہی ہے اور چاہتی ہے کہ معاشی اصلاحات کے عمل کو تیز اور مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے معاشی استحکام کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کر کے برآمدات کو فروغ دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی ناگزیر ہوچکی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو اعتماد ملے اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔
گوہر اعجاز نے بجٹ میں کاروباری برادری کے تحفظات دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت کو اپنے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہوگا تاکہ ملک کی معیشت کو برآمدات کے ذریعے تقویت دی جا سکے۔
انہوں نے زراعت کے شعبے، بالخصوص کپاس کی صنعت اور کسانوں کی ترقی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی سفارش کی تاکہ زرعی معیشت کو بھی مستحکم بنایا جا سکے۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور ملکی معیشت کے فروغ کے لیے سول و عسکری تعاون کو اہم قرار دیا گیا۔