ڈھاکا (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آج کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ کو بنگلہ دیش میں طیارہ حادثے کے متاثرین کے نام منسوب کر دیا گیا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور میچ آفیشلز سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اتریں گے۔
گزشتہ روز بنگلہ دیش ایئرفورس کا تربیتی طیارہ دارالحکومت ڈھاکا میں ایک اسکول اور کالج کمپلیکس پر گر کر تباہ ہو گیا تھا، حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ 171 زخمی ہوئے، جس کے بعد بنگلہ دیش بھر میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والا دوسرا ٹی 20 میچ حادثے کے جاں بحق اور زخمی افراد سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منسوب کیا جائے گا۔
میچ سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا، اسٹیڈیم اور بی سی بی کے تمام وینیوز پر موسیقی بجانے پر پابندی ہو گی۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی اس سیریز میں میزبان ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو صرف 110 رنز پر آؤٹ کر کے ہدف باآسانی حاصل کر لیا تھا۔
تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ 24 جولائی کو اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔