اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): مقامی عدالت نے ریاست مخالف مواد کی شکایات پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کی درخواست پر 27 یوٹیوب چینلز بند کرنے کا حکم جاری کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے یوٹیوب چینلز بند کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس کے بعد عدالت نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق ایف آئی اے نے دو جون کو ریاست مخالف مواد کے خلاف انکوائری کا آغاز کیا تھا، جس میں حاصل شواہد پر عدالت مطمئن ہے کہ قانون کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ یوٹیوب کے متعلقہ افسر کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر 27 چینلز کو بند کرے، جن پر مبینہ طور پر ریاست مخالف مواد نشر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ان چینلز کے خلاف کارروائی کے لیے یوٹیوب سے بھی باضابطہ رابطہ کیا ہے تاکہ ملکی قوانین کے تحت اقدامات کیے جا سکیں۔