لاہور (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف نے 5 اگست کو مینار پاکستان لاہور میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا، جلسے کا مقصد بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہے۔
پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے کی اجازت کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
شیخ امتیاز محمود کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اپنے قائد عمران خان کی رہائی کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے، مینار پاکستان کا جلسہ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہوگا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے، تاہم جلسے کی اجازت سے متعلق حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف ماضی میں بھی مینار پاکستان کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بناتی رہی ہے، اور یہ جلسہ ایک بار پھر پارٹی کے لیے عوامی طاقت کے مظاہرے کا اہم موقع سمجھا جا رہا ہے۔