اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کو توہین عدالت کا نوٹس

 — فائل فوٹو

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر): اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس میں عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت کے دوران شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عدالتی احکامات کو نظرانداز کر رہی ہے، اور اب عدالت کے پاس نوٹس جاری کرنے کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔

جسٹس اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ عدالت نے متعدد مواقع دیے مگر وفاقی حکومت نے تاحال مطلوبہ رپورٹ جمع نہیں کرائی، حکومت کا طرز عمل توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ اگر رپورٹ پیش نہ کی گئی تو توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی، لیکن حکومت کی جانب سے رپورٹ جمع نہ کروانا عدالتی اختیارات سے کھلا انکار ہے۔

عدالت نے اپنے تحریری حکم میں قرار دیا کہ وفاقی حکومت نے عدالتی احکامات کے باوجود نہ صرف تعاون سے گریز کیا بلکہ سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر کے تاخیر کی کوشش بھی کی، مگر وہاں سے بھی ابھی تک کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

سماعت کے دوران جسٹس اعجاز اسحاق نے انکشاف کیا کہ کاز لسٹ جاری نہ کرنے کے حوالے سے انہیں چیف جسٹس کو خط لکھنا پڑا، مگر خط پر دستخط تک نہیں کیے گئے، اور ایک جج کی عدالتی کارروائی کو روسٹر کے بہانے روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ جسٹس کو اس کے عدالتی اختیارات سے روکا جا رہا ہے، جبکہ ہم نے عدالتی خودمختاری کے خلاف ایک کے بعد ایک وار دیکھے۔

عدالت نے قرار دیا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتی نظام کو مفلوج کیا گیا، اور ہائی کورٹ کے اختیارات کو انتظامی طریقوں سے محدود کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کو دو ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر مناسب وضاحت نہ دی گئی تو عدالتی کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس وقت امریکہ میں قید ہیں، اور ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے تاکہ ان کی رہائی اور واپسی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔

جدید تر اس سے پرانی