قاہرہ (آئی آر کے نیوز): مصر میں شادی کی ایک تقریب اس وقت ہنگامہ خیز منظر میں تبدیل ہو گئی جب فوٹو شوٹ کے دوران دُلہا نے اپنی نئی نویلی دُلہن کو عروسی لباس سمیت سوئمنگ پول میں دھکا دے دیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا جب دُلہا اور دُلہن سوئمنگ پول کے کنارے کھڑے ہو کر فوٹوگرافی کروا رہے تھے۔ اسی دوران دُلہے نے غیر متوقع طور پر دُلہن کو جان بوجھ کر پانی میں دھکیل دیا۔
اس واقعے کی ویڈیو موقع پر موجود فوٹوگرافر نے بنائی اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دُلہن پانی میں گرنے کے بعد شدید حیران و پریشان نظر آتی ہے، جب کہ دُلہا اس پر مسکرا رہا ہوتا ہے۔
دُلہا کی اس حرکت پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بیشتر افراد نے اسے "غیر مناسب مذاق" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دُلہن کی عزت نفس مجروح ہوئی ہے، جب کہ کچھ صارفین نے اس عمل کو "ظالمانہ" اور "ذلت آمیز" قرار دیا۔
کئی صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ رویوں کو شادی جیسے مقدس بندھن کی تضحیک کے مترادف سمجھا جانا چاہیے۔ واقعے کے بعد اب تک دُلہن یا اس کے اہل خانہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔