اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بدعنوانی اور سرکاری فنڈز میں مبینہ خورد برد میں ملوث تین اعلیٰ سرکاری افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے اسلام آباد میں بدعنوانی کے خلاف اہم کارروائی کے دوران تین سرکاری اہلکاروں کو حراست میں لیا۔ گرفتار کیے گئے افسران میں معراج آفریدی، محمود عرفان قریشی اور نعیم اختر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق معراج آفریدی اور محمود عرفان قریشی پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کے طور پر تعینات تھے، جبکہ نعیم اختر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی میں سب انجینئر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا تھا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد اینٹی کرپشن سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں سے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا تاکہ مزید تفتیش آگے بڑھائی جا سکے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سرکاری فنڈز میں بدعنوانی اور خورد برد کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مکمل چھان بین کے بعد دیگر ذمہ دار افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ بدعنوان عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔