مری (آئی آر کے نیوز): مری اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارشوں کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے، مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے واقعات پیش آئے جبکہ راولپنڈی میں بھی شدید بارش نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں بوستال روڈ اور ایکسپریس وے کے آوائین مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے۔ ان واقعات میں تین افراد کو پتھر لگنے سے معمولی چوٹیں آئیں، تاہم امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد اور متعدد گاڑیوں کو بحفاظت نکال لیا۔
نمب جھنڈا گلی کے گاؤں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے دو مکانات متاثر ہوئے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بارش اور تیز ہواؤں کے باعث کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے جس کے نتیجے میں کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ شدید بارشوں کے باعث بھوربن اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ 12 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ندی نالوں اور ڈیمز کے قریب جانے یا نہانے سے مکمل اجتناب کریں۔
ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی تیز بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 8 اور اس سے ملحقہ دیہات میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ باغ راجگان، کھڑکن اور سوہاوہ کے دیہات بھی بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کا عمل جاری ہے۔